کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پزیر ہوگئے، نیشنل گیمز میں چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے ۔
کراچی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سیدعاصم منیر نے بطورمہمان خصوصی 35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں شرکت کی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا، تقریب میں سندھ کے وزیر کھیل اور سندھ کے وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے ۔
اختتامی تقریب میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی پاکستان پولیس کو دی گئی، 50میٹر فری سٹائل اور بریسٹ سٹروک تیراکی میں قومی ریکارڈ پر حمزہ آصف کوٹرافی دی گئی ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیموں کوانعامات سے نوازا، تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستان نیوی کو پریذیڈنٹ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ٹرافی دی گئی ۔
پاکستان واپڈا کی ٹیم کو رنر اپ آنے پر ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ نیشنل گیمز کی فاتح پاکستان آرمی کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر قائداعظم ٹرافی سے نوازا گیا ۔
فاتح ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کرنے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے35 ویں نیشنل گیمز کے باضابطہ اختتام کا اعلان کیا ۔
پاکستان آرمی کی ٹیم نے 348 میڈلز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی 196گولڈ، 96سلور اور 56برانز میڈلز حاصل کیے ۔
واپڈا مجموعی طور 229میڈلز حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی ، واپڈا نے 84گولڈ، 71سلور اور 74برانز میڈلز حاصل کیے، نیوی نے 108 میڈلز حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر رہی ، 36 گولڈ، 39سلور اور 33برانز میڈلز نیوی کے حصے میں آئے ۔
پنجاب نے 16گولڈ، 38سلور اور 72برانز میڈلز جیتے ، ایچ ای سی نے 14گولڈ، 38سلور اور 56برونز میڈلز حاصل کیے، سندھ میڈلز کے حصول میں چھٹے نمبر پر رہا، سندھ نے 11گولڈ، 25سلور اور 57برانز میڈلز حاصل کئے ۔


