اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو انٹرنیشنل بارڈر پر قصور کے بیدیاں سیکٹر میں 2 پاکستانی شہریوں کو قتل کیا۔
ترجمان نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلا اشتعال ہلاکت خیز طاقت کا استعمال کیا.
نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا جس کے نتیجے میں 2 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جاں بحق شہریوں کو "درانداز” قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے.
یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس واقعے نے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کی جان کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کیے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے.
ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے اور بھارتی حکومت پاکستان کو تحقیقات کے نتائج اور کی گئی کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنائے.
متعلقہ دو طرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے اور ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔


