مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے رہنماوں نے حفیظ الرحمان کو صوبائی صدر تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
رہنماوں نے صوبائی صدارت کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حافظ حفیظ الرحمان کو صوبائی صدر تسلیم نہیں کرتے اور ان کی مدت صدارت 13 نومبر 2024 کو ختم ہو جائے گی۔
مسلم لیگ (ن)کے رہنماوں نے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دستور کے مطابق صوبائی قیادت کی مدت چار سال ہوتی ہے، تاہم موجودہ نوٹیفکیشن 13 نومبر 2020 کا ہے۔
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ سماعت میں کہا کہ نوٹیفکیشن کی مدت ختم ہونے میں صرف 27 دن باقی ہیں، اس کے بعد پارٹی کی نئی تنظیم سازی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نئی صوبائی قیادت کے انتخاب کا فیصلہ میاں نواز شریف نے کرنا ہے، حفیظ کو جلد اپنے عہدے سے ہٹایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی ری آرگنائزیشن کے بعد نئے چہروں کے ذریعے گلگت بلتستان میں پارٹی کو مستحکم کیا جائے گا، مسلم لیگ ن کا حتمی فیصلہ پارٹی دستور کے مطابق کیا جائے گا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان کی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ 13 نومبر کے بعد پارٹی کے ڈھانچے میں تبدیلی لائی جائے گی اور نئی قیادت سامنے آئے گی۔