سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کے 221 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 17ویں اوور میں 105 رنز بناکر آٹ ہو گئی ۔
ماونٹ مونگانوئی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نےٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے ۔
اوپنر ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم سیفرٹ 44 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، بعدازاں فن ایلن نے 19 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، دیگر کھلاڑیوں میں مارک چیمپمین 24، جیمز نیشم اور مچل 3، 3 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
میچ کے اختتامی اوورز میں کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑا ہدف دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، ابرار نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز نہایت ہی مایوس کُن رہا، اوپنر محمد حارث 2، خوشدل شاہ اور شاہین آفریدی 6، 6 رنز جبکہ حسن نواز، کپتان سلمان آغا، شاداب خان اور عباس آفریدی ایک ایک رن بناکر پویلین روانہ ہوئے ۔
گرین شرٹس کی جانب سے عبدالصمد سب سے زیادہ 44 اور عرفان خان نیازی نے 26 رنز بنائے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، زکیری فولکس نے 3 جبکہ ول او رورک اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
جارحانہ ففٹی رنز سکور کرنے پر فِن ایلن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ،نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی سیریز میں تین ایک کے ساتھ فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ، سیریز کا آخری میچ 26 مارچ کو کھیلا جائے گا ۔