گورنرفیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاق کا تعاون بہت ضروری ہے ۔
پشاور میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ فوج، ایف سی اور پولیس نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کے قیام کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے اگر ایک صفحے پر ہوں تو امن و ترقی کا عمل نہیں روکا جا سکتا، صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کاروں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں مسائل کے حل کیلئے قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنا ہمارا مقصد ہے، خیبر پختونخوا میں امن و استحکام کے لیے وفاق کے تعاون کے شکر گزار ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے میں ایسا ماحول چاہتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور ترقی کے عمل کا حصہ سمجھے، تاہم خیبر پختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنانا ہے، عوامی تحفظ اور خوشحالی کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون ضروری ہے ۔


