عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی جانب سے تھانہ اوگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا،ڈی پی او مانسہرہ نے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ پولیس عوامی مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی ۔
مانسہرہ: کھلی کچہری میں اوگی اور گردونواح کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست ڈی پی او مانسہرہ کے سامنے پیش کیں ۔
کھلی کچہری میں ایس پی اوگی زاہدالرحمٰن، ڈی ایس پی اوگی خان افسر، ایس ایچ او تھانہ اوگی ملک آصف سمیت دیگر پولیس افسران، میڈیا نمائندگان اور معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔
کھلی کچہری کے دوران ٹریفک سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ڈی پی او مانسہرہ نے عوام کی جانب سے پیش کی گئی تمام ٹریفک شکایات کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے تاکہ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ہو ۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اوگی میں نئے پولیس سہولت مرکز کی تعمیر کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو مزید فعال بنایا جائے گا، جبکہ دیگر پولیس سہولیات بھی اوگی کے عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کل سے ہی شروع کیے جائیں گے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، ضلع بھر میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی ۔


