مری میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر آرمی پبلک اسکول، کونوینٹ جیسس اینڈ میری اور پریزنٹیشن کونوینٹ کے طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
نشست کے دوران طلبہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی معلوماتی ملاقاتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن دشمن عناصر چاہے کتنی ہی سازشیں کیوں نہ کر لیں، وہ نوجوان نسل کو پاک افواج سے دور نہیں کر سکتے۔
طلبہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں”۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ دشمنوں کی ہر میلی آنکھ کے مقابلے میں ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ کے ساتھ مل کر "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بلند کیا، جس سے پورا ماحول جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔