وزیراعلیٰ کے پی امین گنڈاپور سے 7 گھنٹے کے بعد رابطہ بحال ہوگیا ہے،ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور صبح سویرے پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عدم موجودگی پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو تشویش ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور رات دیر گئے اسلام آباد سے پشاور کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔جبکہ اب علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈا پور کا موبائل فون ایکٹیویٹ ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی ٹیم کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وہ ایک میٹنگ میں تھے جہاں موبائل جیمرز فعال تھے جس کی وجہ سے ان سے رابطہ کرنا ناممکن تھا۔اس وقت وہ پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، ان کے بھائی فیصل امین نے ان کی بحفاظت آمد کی تصدیق کی ہے۔ وہ اسلام آباد میں ایک طویل اجلاس میں شریک تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو قومی اسمبلی کے باہر سے گرفتار کر لیا۔پی ٹی آئی کے ایم این اے شیر افضل اور پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو دارالحکومت سے گرفتار کرنے کے فوراً بعد پولیس نے بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔