چترال: سینیٹر محمد طلحہ محمود کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے رکن ظاہر شاہ چترال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں جاری میگا پراجیکٹس میں سست روی، تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام اور آل پارٹیز چترال کے رہنما بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران چترال کی مختلف سڑکوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور معائنہ کمیشن کو علاقے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) چترال کے صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر محمد طلحہ محمود کی کاوشیں چترال کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر کی علاقے میں دلچسپی اور اقدامات لائق تحسین ہیں اور ان کی قدردانی کی جانی چاہئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چترال شندور روڈ، چترال کالاش ویلیز روڈ، تورکہو روڈ اور گرم چشمہ روڈ کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا تاکہ مسائل کو سامنے لاکر حل تلاش کیے جا سکیں۔ اجلاس کے بعد سینیٹر محمد طلحہ محمود، وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے رکن ظاہر شاہ اور این ایچ اے کے افسران نے چترال شندور روڈ کے معائنے کے لیے روانگی اختیار کی۔