چکوال کے قصبہ گگھ تھانہ نیلہ کے علاقے میں گمنام خط پر ایکشن لیتے ہوئے حبس بے جا میں رکھے گئے بہن بھائیوں میں سے بہن کی لاش برآمد کر کے بھائی کو بازیاب کرالیاگیا۔
نیلہ پولیس نے گمنام خط پر ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ گھر کی تلاشی لی، ریاست کی طرف سے مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ نیلہ کے گاؤں گگھ میں گزشتہ دو سال سے زرعی زمین ہتھیانے کی غرض سے ایک ویران گھر میں بند رکھے گئے بہن بھائی کو بازیاب کروانے کے لیے جب بارہ فروری کی شام نیلہ پولیس نے چھاپہ مارا تو کمرے سے بہن کی لاش برآمد ہوئی جو پولیس ذرائع کے مطابق آٹھ سے دس دن پرانی تھی جبکہ ملحقہ کمرے سے بھائی کو بھی بازیاب کر لیا گیا جو خوف کی وجہ سے ابھی تک کچھ بول نہیں رہا۔
متوفیہ کی شناخت جبین بی بی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 26 سال ہے جبکہ بازیاب ہونے والے بھائی کا نام حسن رضا ہے جس کی عمر 32 سال ہے۔ خاتون کمرے کے فرش پر مردہ پائی گئی جس کے اوپر ایک تلائی تھی جبکہ پشت پر نیلے نشان بھی تھے جو شاید فرش پر پڑے رہنے سے پڑ گئے۔ خط میںبتایاگیا کہ گھگھ میں جبین بی بی ولد چوہدری زرمتاج اور حسن رضا ولد چوہدری زرمتاج جن کا والد چوہدری زرمتاج دوسال قبل اور والدہ اس سے بھی پہلے انتقال کر گئے تھے کروڑوں روپے کی جائیداد کے مالک ہیں۔
ان کے کزن نے انہیں غلط ادویات دے کر نیم پاگل کردیا ہے۔ دونوں بہن بھائی کمروں میں بند ہیں اور بدن پر لباس بھی نہیں، سخت سردی میں بالکل ننگے پڑے ہوئے ہیں۔ گاؤں کی ایک عورت کھڑکی سے انہیں کبھی کبھی کھانا دے دیتی ہے۔ خط ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ نیلہ صہیب ظفر نے اس معاملے کی جانچ پڑتا شروع کر دی۔ جب ایس ایچ او صہیب ظفر کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ مذکورہ گمنام خط میں جو واقعہ بیان کیا گیا وہ درست ہے تو انہوں نے مجسٹریٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ گھر میں چھاپہ مارا۔
گھر کے کمروں کو تالے لگے ہوئے تھے۔ پولیس جب ایک کمرے کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی تو فرش پر جبین بی بی کی اکڑی ہوئی لاش پڑی تھی جو آٹھ دس دن پرانی تھی۔ کمر پر نیلے نشان تھے۔ دوسرے کمرے سے حسن رضا بازیاب ہوا۔