اسلام آباد:وفاقی کابینہ کے ارکان نے ’حرمت پرچم‘ مہم شروع کرتے ہوئے قومی پرچم کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف،اعظم نذیر تارڑ، اویس لغاری،عبدالعلیم خان، رانا تنویر، عطا تارڑ سمیت دیگروفاقی وزرا نے قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پرجاری کی ہیں۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم ہماری قومی شناخت اور خودمختاری کی علامت ہے، قومی پرچم قوم کے اتحاد اور یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے، ’حرمت پرچم‘ کی اس مہم کو مسلسل جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے پر مظاہرین کےحملے اور قومی پرچم اتارنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد وفاقی وزرا نے حرمت پرچم کی مہم شروع کی۔