سابق صوبائی نگران وزیر اطلاعات و نشریات عامر میر کو بھی پی سی بی میں ذمے داری ملنے کا امکان ہے۔
پی سی بی ذرائع نے عامر میر کی محسن نقوی سے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں طویل ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ ان سے میڈیا ڈیپارٹمنٹ میں فی الحال بطور کنسلٹنٹ کام لینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی امورز سونپے جا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی جب نگران وزیر اعلی پنجاب تھے تو ان کے ساتھ وہ وزیر اطلاعات کے طورپر کام کرچکے ہیں۔عامر میر کا شمار محسن نقوی کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔لاہور میں رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح پر بھی عامر میر پی سی بی چیئرمین کیساتھ افتتاحی تقریب کا حصہ تھے۔اب ان کی پی سی بی میں باقاعدہ تعیناتی جلد متوقع ہے۔
محسن نقوی بورڈ کے اہم عہدوں پر تبدیلیوں کے ساتھ نئے چہروں کو لانے کے خواہشمند ہیں۔ وہ بعض شعبوں کے سربراہان کی پرفارمنس سے خوش نہیں، چیئرمین پی سی بی عرصہ دراز سے بورڈ سے وابستہ حکام کے بجائے اپنے اعتماد والے لوگوں کو فیصلہ سازی میں شریک کرنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب عالیہ رشید نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے عہدے سے استعفی دے دیا۔انہیں گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کرکٹ بورڈکی سینئر اسپورٹس جرنلسٹ ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن مقرر کیا تھا۔
عالیہ رشید پی سی بی میں میڈیا ہیڈ کے طور پر کام کرنے والی پہلی خاتون ڈائریکٹر تھیں۔عالیہ رشید پی سی بی سے مستعفی ہونے والی تیسری ڈائریکٹر ہیں۔اس سے قبل ڈائریکٹر کمرشل اور لیگل بھی مستعفی ہو چکے ہیں۔ عالیہ رشید کے مستعفی ہونے کے بعد سابق ڈائریکٹیرمیڈیا سمی برنی کو دوبارہ تعینات کردیاگیاہے۔ سمی برنی اس سے قبل بھی ڈائریکٹرمیڈیا رہ چکے ہیں۔