قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بری پرفامنس پر ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم نے شکست کی وجوہات پر سچ قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ وطن واپسی پر پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ پریس کانفرنس جمعے کو لاہور میں کی جائے۔محمد حفیظ پریس کانفرنس میں بتائیں گے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں قومی کھلاڑیوں پرکیوں جرمانے لگائے، رزلٹ مثبت کیوں نہ آئے، بڑے کھلاڑیوں کے نمبر تبدیل کیوں کیے،کس کو آرام دیا اور کس کو ڈراپ کیا؟
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4سے شکست ہوئی ہے۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ 6ماہ قومی کرکٹ کے لیے اچھے نہیں رہے۔ سابق کرکٹر انضمام الحق نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی 3یا 6ماہ کیلیے تعینات نہیں کرنا چاہیے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ پچھلے 6 ساڑھے 6ماہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھے نہیں رہے۔