راولپنڈی میں چند گھنٹوں کے دوران 2 پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک ہو گئے۔
رات گئے تھانہ ریس کورس کے علاقے میں ملزمان نےپولیس پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت ساجد عرف گٹو، حسن، محمد علی عرف ببیو اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے موٹر سائیکل سوار ڈاکووں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان نے ریس کورس کے علاقے میں برطانیہ سے واپسی پر تصرف محمود کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے مقتول تصرف محمود کا لیپ ٹاپ، بیگ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان سے پولیس یونیفارم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان نے کینیڈا پلٹ شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی۔ ملزمان ائرپورٹ پر ریکی کرتے اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔ بین الصوبائی گینگ کے ارکان کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں وارداتیں کرتے تھے۔ گینگ مختلف اضلاع میں متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزمان کو اس سے پہلے بھی تھانہ کینٹ کے علاقے سے گرفتار کر کے چالان کیا گیا تھا۔
دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ مورگاہ کے علاقے میں ہوا جہاں موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں 2 ملزم ہلاک جب کہ 2 فرار ہوگئے۔ ملزم احمد خان اور اس کا ساتھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔