سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم کو دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ عامر جمال کی 6 وکٹوں کی شاندار کارکردگی جبکہ قومی بیٹرز نے صرف 68 رنز پر ہی 7 وکٹیں گنوا دی۔
سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز عامر جمال کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی پہلی اننگ 299 رنز پر سمٹ گئی۔ انہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 14 رنز کی نفسیاتی برتری کے ساتھ دوسری اننگ شروع کی لیکن قومی بیٹرز نے تو صرف 68 رنز پر ہی 7 وکٹیں گنوا دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو دوسری اننگ میں ابتدا ہی میں پے در پے دو وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا جب عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر مسلسل دوسری اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد نوجوان صائم ایوب اور تجربہ کار بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ اس موقع پر صائم ایوب کو 33 کے انفرادی اسکور پر لیون نے ایل بی ڈبلیو کر دیا جس کے فوری بعد بابر اعظم بھی 23 رنز بنا کر وکٹ کیپر ہیری اور ہیڈز کے گٹھ جوڑ کا شکار ہو گئے۔
مزید اس موقع پر ہیزل ووڈ نے ایک اوور میں تین وکٹیں لے کر پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کو مکمل تباہ کر دیا۔ انہوں نے پہلے سعود شکیل کو اسمتھ کے ہاتھوں دو رنز پر کیچ کرایا پھر ساجد خان اور آغا سلمان کو صفر پر میدان بدر کیا۔ ووڈ نے چار جب کہ اسٹارک، لیون اور ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کر رکھی ہے۔
سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 7 وکٹوں پر 68 رنز اور اسے آسٹریلیا پر صرف 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔ اسی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستان کو مشکلات سے نکالنے والے محمد رضوان اور عامر جمال کریز پر موجود ہیں جو قومی ٹیم کی آخری امید ہیں۔ اس موقع پر مچل مارش ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھا کر نصف سنچری مکمل کر چکے تھے۔
اس موقع پر ساجد خان نے لبوشن کو آؤٹ کیا جس کے بعد عامر جمال آئے تو پہلے ایک ہی اوور میں مچل مارش کو 54 پر آؤٹ کرنے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں انہوں نے ناتھین لیون اور جوش ہیزل ووڈ کی وکٹیں حاصل کیں۔ یوں آسٹریلیا کو 299 پر پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی اننگ میں 14 رنز کی برتری دلا دی۔
اس سے پہلے ا تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز کے ساتھ کیا اور پوری ٹیم 299 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ایک وقت میں آسٹریلیا کے 289 پر صرف پانچ کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن عامر جمال نے اپنے دوسرے تباہ کن اسپیل میں صرف دو اوورز میں چار وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف برتری حاصل کرنے سے روکا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشن 60، مچل مارش 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کے عامر جمال نے 69 رنز دے کر کیریئر بیسٹ 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آغا سلمان نے دو جب کہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں عامر جمال اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پیٹ کمنز نے مسلسل تیسری اننگ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری رکھتا ہے