اسلام آباد کی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے زیرِ استعمال رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے، جبکہ پارٹی ترجمان نے مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے ۔
انتظامیہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ٹیم علاقہ مجسٹریٹ کی سربراہی میں آج صبح مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچی اور اہلِ خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا، جس کے بعد اہلِ خانہ وہاں سے روانہ ہو گئے ۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے؛ رہائش گاہ کی جانب جانے والی گلی کو ناکا لگا کر بند کر دیا گیا اور اطراف کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق اس رہائشی پلاٹ کے اصل مالک امان اللہ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے،سی ڈی اے کے نوٹیفکیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق مالک مکان امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی رپورٹ اور نادرا کی تصدیق کے بعد ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جا چکا ہے ۔
حکم نامے میں مزید بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے امان اللہ کو 26 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا، تاہم عدم حاضری پر الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا اور اس کارروائی سے آگاہ کرنے کے لیے شوکاز نوٹس گھر کے احاطے پر چسپاں کیا گیا ۔
دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کارروائی کے دوران پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔


