شوالہ لنک روڈ پر سکول ٹرپ کی کوسٹر بس موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ 25 کے قریب طلبہ و طالبات زخمی ہو گئے، پولیس حکام کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔
حادثے کا شکار بس طلبہ و طالبات کو ٹرپ کے بعد مری سے گوجرانوالہ واپس لے جا رہی تھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار، مری پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں ۔
زخمی طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جائے حادثہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھنے کے اقدامات بھی کئے ۔
ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وجوہات کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی لیگل اور ڈی ایس پی ٹریفک پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے،انہوں نے کمیٹی کو جائے حادثہ کا معائنہ کرنے، گاڑی کی تکنیکی حالت، ڈرائیور کی ممکنہ غفلت، روڈ سیفٹی اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین شواہد اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا، کسی قسم کی غفلت ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔


