نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔
اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام عالمی کانفرنس مارگلہ ڈائیلاگ میں ملکی و غیر ملکی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے، کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو، پاکستان مؤثر اقدامات کا حامی ہے ۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے، عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لیے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عمل درآمد سے تمام ممالک کی سلامتی متاثر ہوتی ہے، جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے جڑ رہے ہیں ۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے، کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں ۔


