اسلام آباد : وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی معاونت تک رسائی آسان بنائی جا رہی ہے.
وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ کاروباری اداروں کے راستے کی رکاوٹیں ختم کر کے انہیں سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ برآمدات کو طویل مدت تک بڑھانے کے لیے ایک مالیاتی سہولت بنائی گئی ہے۔
اس سہولت کے ذریعے برآمد کنندگان مشینری اور آلات خریدنے کے لیے پہلے 2 سال2 فیصد اور اگلے 8 سال 5 فیصد شرح سود پر قرض لے سکیں گے۔
برآمدی سہولت سکیم کے تحت برآمد کنندگان بغیر ڈیوٹی ادا کیے خام مال بھی درآمد کر سکیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، تاکہ معاشی اتار چڑھاوٴ سے بچا جا سکے۔


