پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی دور میں منظورکی گئی سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی چھان بین کا فیصلہ کرلیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے سابق دور حکومت میں منظور کی گئی سالانہ ترقیاتی سکیموں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے.
سابق حکومت کے دور میں 1224 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل کی گئی تھیں جن کی مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ہزار 348 ارب روپے تھا.
رواں مالی سال کے بجٹ میں ان سکیموں کے لیے 107 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ فورمز سے تاحال منظوری حاصل نہ کرنے والی سکیموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
زیر جائزہ سکیموں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم کے حلقوں کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
چھان بین کے دوران کسی قسم کا سیاسی اثر و رسوخ قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بعض سکیموں پر نظرثانی کی جائے گی جب کہ بعض کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا۔
تمام فیصلے کیس ٹو کیس اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔


