لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
فیلڈ انفورسمنٹ، ڈرون، نائٹ اور ہاک آئی سکواڈز کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 صنعتی یونٹس سیل، 2 مسمار اور 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کے دوران 477 بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی۔
4 بھٹے مسمار، 5 سیل اور 8 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جب کہ 11 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں 182 مقامات کی انسپیکشن کی گئی۔
1377 کلوگرام پلاسٹک ضبط، 4 مقامات سیل اور 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس سے دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔
اس سلسلے میں 120 مقامات کی چیکنگ کی گئی، 68 مقامات پر سکشن ہڈز نصب جبکہ 9 مقامات سیل کیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سموگ کے خاتمے کے لیے صنعتی اخراج، بھٹوں کے دھوئیں، پلاسٹک اور اڑتی دھول کے خلاف بیک وقت کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں اور کسانوں سے اپیل کی ہے کہ کسان فصلوں کو آگ نہ لگائیں۔
شہری گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں اور کم سے کم گاڑیاں استعمال کریں۔ کسی کو بھی دھواں پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔


