راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی وزیر لیو ہائی شنگ کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پاک چین سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شنگ نے جنرل ہیڈکوارٹرزجی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیاگیا۔
فیلڈ مارشل نے معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
دونوں شخصیات نے اعلیٰ سطح روابط کو برقرار رکھنے، ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔


