پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بہشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ۔
لاہور: ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، 10 سے 14 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ 10، 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔ آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔


