اسلام آباد: ازبکستان کا 10 رکنی میڈیا وفد سات روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔
دورے کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، میڈیا روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ازبک میڈیا وفد حکومتِ پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
وفد میں معروف ازبک ٹی وی شخصیات، ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز، یوٹیوبرز، انفلوئنسرز اور سوشل میڈیا شخصیات شامل ہیں۔
ازبک میڈیا وفد سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
وفد پاکستان کی مختلف شعبوں میں ترقی اور کامیابیوں کا مشاہدہ کرے گا۔
ازبک میڈیا شخصیات کو پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے سے متعلق براہِ راست آگاہی فراہم کی جائے گی۔
وفد عوامی بیانیے، پاکستان کے مثبت تشخص اور سماجی و اقتصادی ترقی میں ٹی وی، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے کردار کا جائزہ لے گا۔
دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان میڈیا تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان میڈیا مواد اور تجربات کے تبادلے کے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔
ازبک میڈیا شخصیات اپنے مشاہدات اور تجربات ٹی وی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے ازبک عوام تک پہنچائیں گی۔
ازبک میڈیا وفد مری، ٹیکسلا اور لاہور کے ثقافتی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا۔ وفد اسلام آباد کے نمایاں مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔
ازبک میڈیا وفد ٹیکسلا کی قدیم تہذیب اور لاہور کے تاریخی و تعمیراتی ورثے سے آگاہی حاصل کرے گا۔
دورہ پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔
دورے سے میڈیا روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعے پاک ازبک برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
دورے سے ازبکستان میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، سیاحتی امکانات، اقتصادی ترقی اور جدید کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
دورے سے پاکستان اور ازبکستان کی میڈیا برادریوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔


