بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، تازہ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد مارے گئے، ترجمان پاک فوج کے مطابق خاران میں 8 اور واشک میں کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد جہنم واصل کئے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں آپریشنز کئے، دوران آپریشنز بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک متاثر کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دوسری کارروائی واشک میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا، آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا، برآمد کیا گیا دھماکہ خیز مواد دیسی ساختہ بم بنانے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی ۔


