سابق صدر آزادجموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کو سپردِ خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں اعلیٰ حکام ،سیاسی رہنماوں اور دیگر اہم شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
بھمبر: سابق صدر آزادجموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے کسگمہ میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کر دیا گیا، نمازِ جنازہ میں صدر ریاست، چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر، سپیکر قانون ساز اسمبلی، سابق وزرائے اعظم، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
مرحوم کی وفات پر آزادکشمیر بھر میں ایک روزہ سوگ منایا گیا، اس دوران ریاستی پرچم سرنگوں رہا۔ تدفین کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ جائے جنازہ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔
نمازِ جنازہ میں صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان، چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج جسٹس رضا علی خان اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے شرکت کی ۔
نمازِ جنازہ کے اجتماع سے صدر ریاست ڈاکٹر نجیب نقی خان، چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق اور سابق وزرائے اعظم سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ۔
مقررین نے مرحوم راجہ ذوالقرنین خان کی پچاس سالہ سیاسی زندگی، ان کی شائستگی، وضع داری اور سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے آزادکشمیر ایک اہم سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے ۔
مرحوم کے صاحبزادے راجہ بابر علی ذوالقرنین نے نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے والی سیاسی قیادت، معززین اور عوام کا شکریہ ادا کیا، سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کی تدفین کے موقع پر پورا علاقہ سوگوار رہا، ہزاروں افراد نے اپنے محبوب سیاسی رہنما کو آخری الوداع کہا ۔


