وزیرِ مملکت برائے داخلہ امور طلال چودھری کا کہنا ہے کہ ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں، ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھیجی گئی ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا تھا کہ تمام بچوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں، واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم نے انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے ۔
طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھیجی گئی ہے، ریسکیو ٹیم اطلاع ملنے کے 6 منٹ کے اندر ہسپتال پہنچی، آپریشن کے فوری بعد تمام انتظامی افسران یہاں موجود تھے، کسی کی کوتاہی ہوئی تو انکوائری میں سامنے آجائے گی ۔
ان کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی سمیت تمام شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں، واقعے کے وقت کتنے ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا انکوائری میں سامنے آجائے گا ۔
واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 15 نومولود جاں بحق ہوگئے، پمز ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں 16 بچے تھے، آگ لگنے سے 15 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک نومولود کو بچا لیا گیا ۔


