دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی نیاٹ ویلی کے علاقے کرلیوگاہ میں گلیشیئر میں خطرناک دراڑیں پڑنے سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گلیشیئر کا ایک حصہ پھٹنے اور سیلابی ریلے کے باعث علاقے میں نقصان ہوا، جبکہ گلیشیئر کے پگھلنے سے ایک مصنوعی جھیل بھی بن گئی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق گلیشیئر میں مسلسل پڑنے والی دراڑوں کے باعث کسی بھی وقت گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ ہے، جس سے قریبی آبادی کو بڑے جانی و مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔
گلیشیئر میں دراڑوں کے بعد علاقے کے مکین شدید خوف اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ شہریوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلیشیئر کی صورتحال کی ماہرین کے ذریعے تکنیکی نگرانی کی جائے اور خطرے سے دوچار آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ سیلابی ریلے یا گلیشیئر پھٹنے کی صورت میں جانی نقصان سے بچنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے اور مقامی آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔


