پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو پاور کے استعمال کی توسیع کی مخالفت کردی،اس حوالے سے پاکستانی مستقل مشن کے قونصلر گل قیصر سروانی نے جامع، جمہوری اور منصفانہ اصلاحات پر زور دیا ہے ۔
بات اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے قونصلر اور سیاسی رابطہ کار گل قیصر سروانی نے اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ویٹو پاور کے استعمال پر بحث کے دوران کہا ہے کہ نئے مستقل ارکان کی شمولیت اور ویٹو کے استحقاق میں توسیع کی مخالفت کرتے ہیں، ویٹو پاور میں توسیع سے سلامتی کونسل میں عدم مساوات مزید گہری ہو گی ۔
گل قیصر سروانی نے کہا کہ پاکستان ویٹو پاور کے خاتمے یا اس کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا حامی ہے، ویٹو پاور کا ناجائز استعمال اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے ۔
پاکستان نے ویٹو کے استعمال کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بحث کے انعقاد کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
پاکستانی قونصلر نے زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل میں منتخب ارکان کی تعداد، نمائندگی اور کردار بڑھایا جائے،سلامتی کونسل میں اصلاحات کے پانچوں نکات پر جامع پیکج کے تحت بیک وقت فیصلے کیے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ منتخب ارکان کی نمائندگی بڑھانے اور فیصلوں کی منظوری کے لیے درکار حمایت کی حد میں تبدیلی سےسلامتی کونسل کو زیادہ جمہوری بنایا جا سکتا ہے اور ویٹو کے استعمال پر موثر نگرانی ممکن ہو سکتی ہے ۔


