اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے منصوبے کا افتتاح کیا، وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو ’معرکۂ حق‘ جیسے تاریخی کارنامے جنم لیتے ہیں ۔
اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر ’قراقرم ون‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی اور جدید ترین ڈیٹا سینٹر کا باضابطہ افتتاح کیا ۔
تقریب کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو منصوبے کی مختلف تکنیکی خصوصیات اور استعداد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔
حکام کے مطابق قراقرم ون ڈیٹا سینٹر کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کرے گا ۔
یہ منصوبہ مصنوعی ذہانت ، مشین لرننگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ حساس قومی اور تجارتی معلومات کو محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثرکن اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے، جسے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی، سکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں اور مسلسل محنت ہی ایسے عظیم منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات اور چیلنجز کا امید اور حوصلے سے مقابلہ کیا جائے تو ’معرکۂ حق‘ جیسے تاریخی کارنامے اور کامیابیاں جنم لیتے ہیں، آخر میں انہوں نے قوم کو سکائی 47 جیسا قیمتی تحفہ دینے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ بھی ادا کیا ۔


