مظفرآباد: آزاد جموں وکشمیر میں عام انتخابات کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کیلئے پولنگ کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔
سرکاری ملازمین کیلئے پولنگ کا عمل 20 جولائی کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک پرامن ماحول میں جاری رہا۔
آزادجموں وکشمیرکی 3 ڈویژنز کے 8 اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 ملازمین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔
راولاکوٹ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع کی 13 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیا۔
مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
پولنگ کےعمل کے بعد سیل شدہ بیلٹ باکسز اور تمام انتخابی سامان مقررہ ضابطے کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے سپرد کر دیا گیا۔
ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج کا باضابطہ اعلان عام انتخابات کے لیے مقرر کردہ پولنگ کے روز کیا جائے گا۔
اس موقع پرمختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے انتخابی کیمپس بھی قائم کیے گئے تھے۔
ماہرین کے مطابق انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونا آزاد جموں و کشمیر میں منظم، شفاف اور پُرامن عام انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔


