وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر گلیات میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا، معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال کے مطابق گلیات کے قدرتی حسن، جنگلات اور ماحولیات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔
گلیات: معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال کا گلیات میں سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیات کے قدرتی حسن، جنگلات اور ماحولیات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔
ملک عدیل اقبال کا کہنا ہے کہ گلیات میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور ماحول کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،گلیات کی سیاحتی اہمیت اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔
معاون خصوصی برائے سیاحت کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔
دوسری جانب معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے ایوبیہ چیئر لفٹ کے دیرینہ اور اہم مسئلے کے حوالے سے ایوبیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی اور چیئر لفٹ کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
اس موقع ملک عدیل اقبال نے کہا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ گلیات کی سیاحت کا ایک اہم مرکز ہے اور اس کی بندش سے نہ صرف مقامی سیاحت متاثر ہوئی بلکہ ہوٹل انڈسٹری، کاروباری طبقہ اور ہزاروں افراد کے روزگار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔


