خیبر پختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال 27۔2026 کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، ایوان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترامیم کی بھی منظوری دی ۔
پشاور:وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم اور متعلقہ وزراء نے 66 مطالبات زر اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترمیم کے لئے الگ الگ تحاریک پیش کیں، سپیکر نے تمام تحاریک پر ایوان سے رائے شماری کی، سپیکر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کٹوتی تحاریک نمٹا دی ۔
خیبر پختونخوا اسمبلی نے 66 مطالبات زر کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 170 ارب روپے کی منظوری دے دی،صوبائی اسمبلی کے لئے مطالبات زر کی مد میں 62 کروڑ 79 لاکھ کی منظوری دی گئی ۔
محکمہ خزانہ کے لئے 14 ارب 73 کروڑ، داخلہ کے لئے 4 ارب 56 کروڑ سے زائد کی منظوری دیدی گئی، پولیس کے لئے ایک کھرب 38 ارب، اعلی تعلیم کے لئے 52 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ روپے منظور کئے گئے ۔
صحت کے لئے مطالبات زر کی مد میں 2 کھرب 62 ارب 62 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی، مواصلات کےلئے 7 ارب 77 کروڑ، آبپاشی کےلئے 11 ارب 27 کروڑ روپے منظور کئے گئے ۔
ایوان نے معدنی ترقی کے لئے 2 ارب 27 کروڑ، بہبود آبادی کے لئے ایک ارب 24 کروڑ منظورکئے جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لئے مطالبات زر کی مد میں 21 ارب 13 کروڑ 66 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی ۔


