پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کے تحت احساس نوجوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرض فراہم کیے جا رہے ہیں۔
جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو خودمختار بنانا، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
بینک آف خیبر کے ذریعے قرض
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ بینک آف خیبر کے ذریعے 283 افراد کو ذاتی کاروبار کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت قرض کی حد 10 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔
اس سہولت کے لیے 20 ماہ کا گریس پیریڈ بھی دیا گیا ہے تاکہ نوجوان اپنے کاروبار کو مستحکم کر سکیں۔
اخوت مائیکروفنانس کے ذریعے قرض
احساس نوجوان پروگرام کے تحت اخوت مائیکروفنانس کے ذریعے 4,742 نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس سہولت کے تحت قرض کی حد 1 لاکھ روپے سے 5 لاکھ روپے تک ہے۔
ویڈیو کے مطابق اس قرض کے لیے 1 ماہ کا گریس پیریڈ رکھا گیا ہے۔
خواتین اور خصوصی کوٹہ
پروگرام میں نوجوان خواتین کے لیے 15 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں 2.5 فیصد خصوصی کوٹہ بھی دکھایا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ احساس نوجوان پروگرام نوجوانوں کو عملی طور پر کاروبار کی طرف لانے میں مدد دے گا۔
درخواست کیسے دی جائے؟
ویڈیو کے مطابق خواہشمند نوجوان آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست کے لیے درج ذیل ویب سائٹس دکھائی گئی ہیں:
kpyouthaffairs.gov.pkehsaasnaujawan.bok.com.pk
درخواست گزار قریبی اخوت اسلامک مائیکروفنانس آفس سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔


