صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کردیا، اعلامیے کے مطابق شدید بارشوں سے مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اربن اور فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 5 اگست سے شروع ہونے والے سپیل میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ ماہ سے بھی زیادہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لیے ریلیف کمشنر پنجاب نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سول ڈیفنس، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اگست میں مون سون بارشیں گزشتہ ماہ سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے، صوبائی حکومت کی ہدایات کے پیش نظر ایمرجنسی کنٹرول رومز، سول ڈیفنس اور ریسکیو کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے ۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں سے مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اربن اور فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں ۔