گلگت بلتستان(یحییٰ خان ) سکردو کی وادی میں واقع ایک دلکش اور جادوئی جھیل اپر کچورا قدرت کا وہ حسین شاہکار ہے جو ہر آنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے، سنگلاخ پہاڑوں اور سرسبز جنگلات کے درمیان چھپی یہ جھیل نہ صرف بلتستان کی خوبصورتی کی پہچان ہے بلکہ ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک مثالی مقام سمجھی جاتی ہے ۔
اپر کچورا لیک، سکردو سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، یہ جھیل گھنے جنگلات اور بلند و بالا پہاڑوں کے درمیان ایک نیلگوں آئینے کی مانند نظر آتی ہے، ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں تاکہ اس جھیل کے شفاف پانی، پرسکون ماحول اور قدرتی مناظر کا لطف اٹھا سکیں ۔
جھیل کا سبز و نیلا پانی نہ صرف دل کو لبھاتا ہے بلکہ اس کی گہرائی اور وسعت دیکھ کر ایک پرسکون اور خوشگوار احساس بھی جنم لیتا ہے، یہاں کا سب سے منفرد تجربہ موٹر بوٹ رائیڈ ہے، جو سیاحوں کو جھیل کے وسط تک لے جاتی ہے جہاں قدرت کی خوبصورتی اور سکون کا ایک نیا جہان سامنے آتا ہے ۔
ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے یہاں زپ لائن کی سہولت بھی موجود ہے، پہاڑوں کے درمیان ہوا میں معلق یہ سفر نہ صرف دل دہلا دینے والا ہوتا ہے بلکہ قدرتی مناظر کو ایک الگ زاویے سے دیکھنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے ۔
یہ جھیل نہ صرف بلتستان کے قدرتی حسن کی عکاس ہے بلکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے یہ تجربہ زندگی بھر کے خوبصورت لمحوں میں سے ایک بن جاتا ہے ۔