تحصیل غازی کی معروف روحانی شخصیت پیر عبدالحمیدخان المعروف خان صاحب آف امر خانہ 89 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ کل سہ پہر 3 بجے آبائی گاؤں امرخانہ میں ادا کی جائے گی،جبکہ تجہیز وتکفین اور تدفین بھی وہیں ہو گی۔
انھوں نے سوگواران میں دو بیٹے عارف خان ،فضار خان اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں،وہ طویل عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے، انھیں شوگر اور مثانہ کے امراض بھی لاحق تھے،ان کا علاج معالجہ اسلام اباد اور راولپنڈی کی مختلف نجی اسپتالوں میں ہوتا رہا، تین روز قبل ہی وہ اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال سے گھر شفٹ ہوئے تھے،وہ 1972 میں علاقہ کی ایک روحانی شخصیت سے بیعت ہوئے تھے،اور 1993 میں ان کی اپنی پیری مریدی کا سلسلہ شروع ہوا تھا،ان کے والد محترم پولیس سروس سے ریٹائرڈ تھے،اور وہ خود جانوروں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے تھے،ان کے مرید اور عقیدت مند ملک بھر میں پھیلے ہوئے ہیں،ان کے مریدوں میں سابق وزرائے اعظم غلام مصطفٰی جتوئی، بے نظیر بھٹو اور راجا پرویز اشرف بابر اعوان،آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، سمیت بڑے بڑے سیاستدان، بیورو کریٹس، سرکاری افسران اور ملک کی معروف شخصیات شامل ہیں، واضح رہے کہ پیر حمید خان علاقہ بھر میں اپنے ترقیاتی کاموں کے لئے مشہور ہیں۔