پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 13 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 24 اور 25 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہےکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔