اٹک میں حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر غزہ کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے طلبہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے غزہ کے مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی میں طلبہ و طالبات نے فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران طلبہ نے "اسرائیل مردہ باد” اور "فلسطین زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
بچوں نے اپنی تقاریر میں عزم ظاہر کیا کہ وہ اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالم اسلام کو یکجا ہو کر اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق طلبہ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت مسلمان کے ایمان کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتی، اور ہم اسرائیل کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ریلی ڈھوک فتح روڈ سے شروع ہو کر سکولوں کے احاطے میں اختتام پذیر ہوئی۔