وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چودھری انوار الحق نے ملاقات کی۔ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفر آباد پہنچے۔ مظفر آباد پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے ہیلی پیڈ پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو پاکستان کی جموں و کشمیر کیلئے غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چودھری انوار الحق نے عہدہ سنبھالتے ہی آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آج آپ کا بارشوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ ملاقات کیلئے یہاں آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔دوسری جانب بارش اور برف باری کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ سے یہاں اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں۔ آپ کے ساتھ حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت کھڑی ہے۔ جب تک آپ کے گھر دوبارہ بحال نہیں ہوجاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ طوفانی بارشوں سے جو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے انہیں 7لاکھ اور جو جزوی تباہ ہوئے انہیں ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا