تحریک انصاف نے عمرایوب کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمرایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا، ایک سے 2 روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔ امید ہے قومی اسمبلی میں ہمارا وزیراعظم آئے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وفاق میں اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر بات نہیں ہوئی جبکہ اسپیکر خیبرپختونخوا سمبلی کےلیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا۔
احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پورے ملک میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی، آج شام تک باقاعدہ تاریخ دے دیں گے۔ پورے ملک میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، اےاین پی، قومی وطن پارٹی، دیگر پارٹیاں احتجاج کررہی ہیں، مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا کہاگیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن ہوا ہے۔ عالمی سطح پر بھی اس الیکشن کو کوئی نہیں مان رہا۔