پاکستانی معروف ماڈل و اداکارہ ژالے سرحدی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا آج کل لوگوں کی شادیوں میں بڑی رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے کیونکہ اب لوگ بہتر سے بہتر کی تلاش میں رہتے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ سوشل میڈیا پر بہت خوش نظر آتی ہیں تو کیا اصل زندگی میں بھی اتنی ہی خوش رہتی ہیں؟
اداکارہ نے جواب دیا کہ خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں اس لیے میں اپنے خوشگوار لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہوں، زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن جب میں اداس یا پریشان ہوتی ہوں تو ایسے لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتی دوران گفتگو شادیوں اور تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کہتے ہیں کہ آج کل شادیاں سوشل میڈیا کی وجہ سے نہیں ہو رہیں۔
ژالے نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر خواتین کی اتنی تعریفیں کی جاتی ہیں کہ وہ خود کو بہت اعلیٰ اور خوبصورت سمجھتی ہیں اس لیے وہ آنے والے ہر رشتے کو یہ سوچ کر مسترد کردیتی ہیں کہ ان کے پاس بہت آپشنز ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی شادیاں نہیں ہو رہیں یا ان میں تاخیر ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ ژالے سرحدی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2003 کے اختتام اور 2004 کے آغاز میں’لو میریج ‘ نامی ڈرامے سے کیا تھا اور کئی سال تک ٹی وی پر کام کرتی رہیں