معروف گلوکار علی ظفر کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 میں تقریباً 5 سال بعد واپسی ہوگئی ہے، انہوں نے لیگ کے لیے ترانے دھن کی شئیر کرکے مداحوں کو پرجوش کردیا.
علی ظفر اس سال آفیشل طور پر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا ترانہ گائیں گے جس کی تصدیق پی ایس ایل کے مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت خود گلوکار کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ علی طفر نے آخری بار 2018 میں پی ایس ایل کا ترانہ گنگنایا تھا، انہوں نے پی ایس ایل کے کُل 3 ترانے گنگنائے ہیں اور تینوں ہی یکساں مقبول ہوئے ہیں۔
پی ایس ایل سیزن 9 کا اسٹیج سجنے کو کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور علی ظفر نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پی ایس ایل میں واپسی کی تصدیق کردی ہے۔ کیپشن میں لکھا تھا ‘سیٹی تو بجے گی، علی ظفر اپنے جادوئی انداز میں پی ایس ایل کے نویں سیزن کے ترانے کے لیے تیار ہیں’
ایکس پر پی ایس ایل فرنچائز لیگ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سُپر اسٹار گلوکار اپنے پچھلے پی ایس ایل ترانے میں سے ایک ’اب کھیل جمے گا‘ کی دھن بجا رہے ہیں۔ اس ٹوئٹ پر نامور گلوکار علی ظفر نے ری ٹوئٹ کرتےہوئے لکھا کہ ’بالکل بجے گی اور اسٹیج بھی پھر سے سجے گا‘۔
خیال رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 17 فروری سے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے