خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آندھی، طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی، 6 افراد جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
اسلام آباد میں تیز ہواؤں سے متعدد درخت اور بل بورڈز گر گئے، کئی گاڑی کو نقصان پہنچا، جڑواں شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان پیدا ہوگیا ۔
مظفر آباد میں ندی نالے بپھرنے سے متعدد گھر تباہ اور دکانوں کو نقصان پہنچا، مسجد بھی شہید ہوگئی ۔
وادی نیلم، آٹھ مقام، کنڈل شاہی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ابر رحمت برس پڑا، صوابی میں آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی، گھر کی چھت گرنے سے بچہ چل بسا،درخت اور بجلی کے پول بھی زمین بوس ہوگئے، ہری پور میں بھی جم کر بارش ہوئی، تیز ہواؤں سے گھر کی دیوار گرنے سے لڑکا دم توڑ گیا،2 افراد زخمی ہو گئے ۔
مردان، خیبر، سوات، ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا، ملکہ کوہسار مری، اٹک اور نوشہرہ میں بھی بادل خوب برسے، بالا کوٹ اور وادی کاغان میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔
31 مئی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کا امکان ہے ۔