پنجاب لے مختلف علاقوں میں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 45 زخمی ہوئے ہیں ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ہفتے کے روز صوبہ بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ۔
رپورٹ کے مطابق آندھی و طوفان کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 8 شہری جاں بحق اور 45 زخمی ہوئے، جہلم میں3 شیخوپورہ، راولپنڈی، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور میانوالی میں ایک، ایک شہری جاں بحق ہوا ۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونے کے باعث ہوئیں، طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ۔
ادھر، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں سوات، مینگورہ، چارسدہ، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور ژالہ باری نے سیاحتی مقامات کا حسن دوبالا کردیا، ٹھنڈی ہواؤں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔
سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، سیاحوں نے موسم بدلتے ہی بھرپور لطف اٹھایا، بارش سے سوات کے ندی نالے پانی سے بھرگئے، سڑکوں پربچے اوربڑے موج مستیاں کرتے نظر آئے۔
پشاور میں بھی ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، تیز ہواؤں سے کچھ مقامات پر سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے ۔
مانسہرہ اورگرد و نواح میں بھی تیز بارش اور ہواؤں نےموسم کےتیور بدل دیے، کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز آندھی کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ۔
ہری پور اورگرد و نواح میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی سے ستائے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔