وفاق کے بعد صوبوں میں اکثریت لینے والی سیاسی جماعتوں نے اپنی حکومتیں بنانے کیلے حکمت عملی تیاری کرلی۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے سید مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیراعلی سندھ بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے سندھ میں سید مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزارت اعلی کا منصب سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس فیصلے کے بعد مراد علی شاہ تیسری مرتبہ وزیراعلی بنیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت رواں ہفتے ہی وزیراعلی سندھ کے لیے مراد علی شاہ کے نام کا اعلان کرے گی۔یادرہے کہ وزیراعلی سندھ کے لیے فریال تالپور، شرجیل میمن اور ناصر شاہ کے نام بھی زیر گردش ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کی نامزد وزیراعلی مریم نواز نے صوبے کو سنبھالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔مریم نواز نے مختلف سرکاری محکموں سے بریفنگ لینے کا سلسلہ شروع کردیا۔سب سے پہلے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری صحت علی جان نے مریم نواز کو بریفنگ دی ۔ آج مزید محکموں کے سیکرٹری بریفنگ دیں گے جس کے بعد نئی حکومت کیلئے ورکنگ پالیسی سازی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے منتخب ارکان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد اسمبلی کا اجلاس بلایا جائیگا جو انتیس فروری سے قبل لازمی ہونا ہے۔اس کے بعد مریم نواز کوباضابطہ وزیراعلی پنجاب منتخب کیا جائیگا اور پنجاب میں نئی حکومت تشکیل دی جائے گی۔صوبائی کابینہ میں شمولیت کیلئے راولپنڈی سے منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے لابنگ شروع کردی ہے۔ادھر نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی پنجاب کی بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے۔