نئی دہلی: بھارت کے کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپینز ٹرافی کے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان جائے گی۔ یہ بات کرکٹ کی معتبر ویب سائٹ نے بتائی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو حکومت کی طرف سے اجازت نہ ملنے کا سبب بتایا ہے۔ بھارتی ٹیم ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ میں شرکت کی خواہش مند ہے۔ اس کے لیے سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے وینیوز پر غور کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا پر کم و بیش دو ماہ سے کہا جارہا تھا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم اس ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک نیا انتظام کرنا ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ شامل ہوگا جس میں ٹیمیں پاکستان میں کچھ میچ کھیلیں گی اور دیگر دوسرے مقام پر کھیلیں گی، متحدہ عرب امارات کو پاکستان سے قریب ہونے کی وجہ سے اسے متبادل مقام کے لیے اولین ترجیح سمجھا جا رہا ہے جبکہ سری لنکا پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔