جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیری رہنماوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانوں حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباو ڈال کر اپنا کردار ادا کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی سرکار نے ہزاروں کشمیری رہنماوں کو بھارت کے مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید کر کے رکھا ہوا ہے
ان کا کہنا تھا کہ نظر بند رہنماوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے اور ان کو عدالتوں میں بھی پیش نہیں کیا جا رہا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے نام و نہادجمہوری ملک نے جھوٹے الزامات کے تحت نظر بند رکھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو چاہیےکہ کشمیری نظر بندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر زور ڈالے۔
ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس کا کہنا تھا کہ وادی بھرمیں جاری محاصرے اور تلاشی کی پرتشد د کارروائیوں اور لوگوں کو ہراساں کیے جانے کی مذمت کرتے ہیں، مقبوضہ وادی میں تعینات 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کا جینا حرام کررکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔