تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے، دریا سندھ میں طغیانی کا خدشہ کے پیش نظر قریبی آبادیوں کو الرٹ جاری کردیا گیا، ملحقہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ۔
ہری پور: ملک کے بالائی علاقوں میں جاری مون سون کی مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے،تربیلا انتظامیہ کی جانب سے اس اہم آپریشن کے دوران ڈاؤن سٹریم یعنی دریائے سندھ کے نچلے علاقوں میں طغیانی کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
واپڈا ترجمان کے مطابق سپل ویز کھولے جانے کے باعث پانی کے بہاؤ میں دو لاکھ ساٹھ ہزار سے دو لاکھ ستر ہزار کیوسک تک اضافے کا امکان ہے، جو دریا کے قریبی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر دریائے سندھ کے کنارے آباد علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ، اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔
ترجمان کے مطابق غازی میں دریائے سندھ کے کنارے مقامی آبادی کو آبی گزرگاہوں سے دور رہنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور محتاط طرزِ عمل اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ دریا کنارے سیر و تفریح سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں ۔
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم شہریوں کا تعاون اس موقع پر نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔
واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کی اسپل ویز کھولنے کی یہ کارروائی مون سون بارشوں کے باعث پانی کے دباؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے کی گئی، تاکہ ڈیم کی ساخت اور اطراف میں موجود انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے ۔