وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے دورے کے دوران مزدوروں کی کم اجرت کا نوٹس لیتے ہوئے مزدوروں کو اجرت ایکٹ کے مطابق مکمل ادائیگی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیڈس ایمرجنسی، مدر اینڈ چائلڈ بلاک اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی عیادت کی۔
چند مریضوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ہسپتال میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی اور ان سے ادویات کی فراہمی اور دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ وہ ہسپتال کے دورے کے دوران زیر علاج مریضوں کے لواحقین کے پاس رکی جو شدید گرمی میں درخت کے نیچے بیٹھ کر ہاتھ سے بنے پنکھوں سے ہوا لینے پر مجبور تھے۔ انہوں نے ایک بزرگ شہری، اہل خانہ کے ساتھ بات چیت کی اور مریضوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے لواحقین کے لیے شیڈز اور بجلی کے پنکھوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔